Justuju Tv جستجو ٹی وی


کلیات منیف اشعر - رختِ زندگی میں خوش آمدید

Friday, May 1, 2009

یہ کس نے کہہ دیا تم سے عذابِ زندگی ہے






یہ کس نے کہہ دیا تم سے عذابِ زندگی ہے

کہ تلخی امتحانوں کی شرابِ زندگی ہے


گریزاں اس سے رہنا اجتنابِ زندگی ہے

محبّت جس کو کہتے ہیں، نصابِ زندگی ہے


تمہاری یاد میں رہتا ہوں گم، میں نے سنا ہے

کسی کی یاد میں کھونا ثوابِ زندگی ہے


نہیں آساں پسِ منظر اگرچہ دیکھ لینا

اجل میری نظر میں اک حجابِ زندگی ہے


ہےترکِ شاعری تو ترکِ دنیا سے عبارت

سُخن گوئی ہماری آب و تابِ زندگی ہے


یہ دنیا جس کو کہتی ہے کسی مجذوب کی بڑ

ہماری خود کلامی احتسابِ زندگی ہے


چٹانوں سے جو ٹکراتی ہے ساحل کی طلب میں

وہی اک موجِ ہستی اضطرابِ زندگی ہے


جسے دل پڑھتے رہنا چاہتا ہے زندگی بھر

اسی کی ذات بس اشعؔر کتابِ زندگی ہے


No comments:

Design & Content Managers

Design & Content Managers
Click for More Justuju Projects