Justuju Tv جستجو ٹی وی


کلیات منیف اشعر - رختِ زندگی میں خوش آمدید

Monday, May 4, 2009

مجھ کو اک پیماں وفا کا چاہیے





مجھ کو اک پیماں وفا کا چاہیے

کچھ تو جینے کا بہانہ چاہیے


ان کو میرا دل دوبارہ چاہیے

توڑنےکو پھر کھلونا چاہیے


بےوفا ہرجائی کہتے ہو مجھے

تم کو آئینہ دکھانا چاہیے


کوئی مشکل کام ناممکن نہیں

ہاں مگر پختہ ارادہ چاہیے


رونقِ زنداں ضروری ہے تو پھر

سانس لینے کو دریچہ چاہیے


لُوٹنا ہے روشنی کے شہر کو

رہبروں کو بس اندھیرا چاہیے


چھین لوں ظالم زمانہِ سے تجھے

صرف اک تیرا اشارہ چاہیے


بام و در سارے مہک اُٹھیں ابھی

آنکھ میں ان کا سراپا چاہیے


آپ کا ہر غم ہے اب اشعؔر کا غم

آپ کو بس مُسکرانا چاہیے


No comments:

Design & Content Managers

Design & Content Managers
Click for More Justuju Projects