Justuju Tv جستجو ٹی وی


کلیات منیف اشعر - رختِ زندگی میں خوش آمدید

Friday, May 1, 2009

کون کہتا ہے کہ دے دو، رہِ منزل مجھ کو







کون کہتا ہے کہ دے دو، رہِ منزل مجھ کو

کیا سمجھ رکھا ہے تم نے کوئی سائل مجھ کو


میں اک انساں ہوں، محبّت مرا ایماں ہے مگر

تُو کبھی پائے گا نفرت پہ بھی مائل مجھ کو


لطف لینا ہے ذرا موجِ حوادث کا ابھی

ابھی مطلوب کہاں ہے ترا ساحل مجھ کو


بھول جانا ترا آساں ہے بَقَولِ ناصح

پوچھ مجھ سے تو یہ آساں بھی ہے مشکل مجھ کو


یا مری طرح سے ہوجائیے الفت کے سفیر

یا تو کرلیجیے عداوت کا ہی قائل مجھ کو


تا کہ ہوجائیں ذرا اور شفق رنگ، سخن

اپنے افکار میں کرلیجیے شامل مجھ کو


سہہ کے خاموش گزر جاتا ہوں میں سبّ و شتم

ظرف کردیتا ہے اپنا کبھی بزدل مجھ کو


کون ہے مجھ سے بڑا کوئی تونگر اشعؔر

تو میسّر ہے تو پھر کیا نہیں حاصل مجھ کو


No comments:

Design & Content Managers

Design & Content Managers
Click for More Justuju Projects