Justuju Tv جستجو ٹی وی


کلیات منیف اشعر - رختِ زندگی میں خوش آمدید

Saturday, May 2, 2009

اب اس سے ملتے رہنا، ہیں تو رُسوائی کی باتیں











اب اس سے ملتے رہنا، ہیں تو رُسوائی کی باتیں

مگر آساں نہیں ہوتی ہیں پسپائی کی باتیں


خِرَد مندوں سے اچھی ہیں یہ سودائی کی باتیں

اُسے قائل نہیں کرپائیں دانائی کی باتیں


یہ بات اپنی جگہ، اچھا ہوا، ہم لوٹ آئے

بڑی دلچسپ تھیں لیکن، اس ہرجائی کی باتیں


نہ اب تک ڈھاسکے وہ اپنی دیوارِ انا کو

نہ ہم کو آسکیں اب تک جبیں سائی کی باتیں


کوئی پھر کیا کرے خود کو بھلا کیسے سنبھالے

بہت بے خود بنادیتی ہیں انگڑائی کی باتیں


عجب ہوتی ہے اکثر دفعتاً یادوں کی بارش

بپا اک شور کردیتی ہیں تنہائی کی باتیں


پڑے ہے درد کی حالت میں پیہم مسکرانا

کوئی آسان ہوتی ہیں شِکیبائی کی باتیں


وہ قصّے بھی بہت معتبر ہوتے ہیں اشعؔر

کبھی سن کر تو دیکھو، تم تماشائی کی باتیں


No comments:

Design & Content Managers

Design & Content Managers
Click for More Justuju Projects